اُڈپی 8/ فروری (ایس او نیوز) کاپو لائٹ ہاوس کے قریب روایتی انداز میں مچھلیوں کا شکار کرنے کے لئے نکلا ہوا ایک ماہی گیر مچھلیوں کے جال میں خود ہی پھنس گیا جس کی وجہ سے اس کی جان چلی گئی۔ مہلوک ماہی گیر کی شناخت کاسمار (65 سال) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
سمجھا جاتا ہے کہ مچھلیوں کا شکار کرتے وقت وہ حادثاتی طور پر جال میں پھنس گیا ہوگا جس کے بعد وہ سمندر میں گرگیا ۔ کچھ مقامی مچھیروں نے کاسمار کو بیچ سمندر میں اپنی جان بچانے کے لئے جد وجہد کرتے ہوئے دیکھا اور اس کی مدد کودوڑ پڑے۔ لیکن جب تک وہ لوگ اس کے قریب پہنچتے تب تک وہ دم توڑ چکا تھا۔ بعد میں اس کی لاش کو ساحل پر لانے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا۔ کاوپ پولیس افسران نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرلیا ۔